وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات ہوئی ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ آپ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، پوری دنیا کے مسلمانوں کے دلوں میں آپ کا احترام ہے، آپ کی پاکستان آمد باعث افتخار ہے، آپ کی تقاریر اور تحریریں اسلام سے آگاہی کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں خود بھی آپ کی تقاریر سے استفادہ کرتا ہوں، اسلام کی ترویج کے حوالے سے آپ کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، آپکی تقاریر اسلامی تعلیمات سے روشناس ہونے کا موقع فراہم کرتی ہیں، اسلام کی تشریح میں آپ کا کردار نمایاں ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں اسلام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو ہوئی، حضورﷺ کی سیرت مبارکہ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے، پاکستان آکر برسوں کا خواب پورا ہوا، پاکستان کا یہ میرا باقاعدہ پہل ادورہ ہے، اس سے پہلے 1991 میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکا ہوں، پاکستان کے عوام کا اسلام کے حوالے سے جذبہ بہت گہرا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں قیام کے دوران مختلف شہروں کے دورے کروں گا، پاکستان کے دورے کے دوران علما کرام سے ملاقات ہوگی۔
