Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کے شہریوں کے نام بڑی تعداد میں غیر قانونی سمیں جاری ہونے کا انکشاف

کراچی کے شہریوں کے نام پر بڑی تعداد میں غیر قانونی سمیں جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کراچی کے شہریوں کے نام پر سمیں چمن بارڈر پر غیر ملکی شہریوں کو فروخت کی جاتی ہیں، ملزمان سادہ لوح شہریوں کا انگوٹھا بائیومیٹرک سے حاصل کرنے کے بعد مختلف کمپنیوں کی سمیں جاری کرتے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے نام پر جاری ہونے والی سمیں ڈکیت گروہ استعمال کرتے ہیں، کراچی میں رضویہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو سگے بھائیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

گرفتار ملزمان کا ویڈیو بیان بول نیوز نے حاصل کرلیا ہے جس کے مطابق غیر ملکی باشندہ کامران افغانی ایک سم 1200 میں خریدتا تھا، کامران افغانی نامی شخص کو 400 سیمیں دے چکا ہوں۔

ملزم نے بیان میں بتایا کہ شہری کا بائیوم میٹرک کرنے کے بعد سم ایشو نہیں کرتے تھے اور شہری کو یہ کہہ کر ٹال دیتے تھے کہ آپ کا بائیومیٹرک نہیں آرہا۔

ملزم نے بیان میں مزید بتایا کہ غیر قانونی سمیں استعمال کرتے تھے اور واردات کرنے کے بعد ان سموں کو توڑ کر پھینک دیا جاتا تھا۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق کے مطابق گرفتار ملزمان سے بڑی تعداد میں غیر قانونی سمیں برآمد کرلی گئی ہیں اور گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version