Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا کوئی مذہب نہیں ہے، سردار ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا کوئی مذہب نہیں ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان کے علاقہ سپن وام میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی۔

انہوں نے خوارجی دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 5 جوانوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اسپیکر نے خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت، لانس نائیک محمد اللہ، محمد اختر زمان، شاہد اللہ، یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کے جانی نقصان پر دل رنجیدہ ہے، شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

اسپیکر نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر دشمن کے ناپاک ایجنڈے پر کار بند ہیں،ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا جائے گا، ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے جری سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہمارے بہادر سپوتوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے حقیقی ہیرو ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک میں بد امنی اور فساد برپا کرنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں، دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا کوئی مذہب نہیں ہے، پاکستان کا دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔

انہوں نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: خوارج سے فائرنگ کا تبادلہ، لیفٹننٹ کرنل سمیت 6 جوان شہید، 6 خوارج ہلاک

متعلقہ خبریں

Exit mobile version