وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 17 واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں اجتماعی شادیوں کے سب سے بڑے تاریخی پروگرام کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں تین ہزار غریب خاندان کی بچیوں کی اجتماعی شادی کا پراجیکٹ پیش کیا گیا جسے منضور کر لیا گیا۔ اجتماعی شادیوں میں دلہن کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ روپے سلامی دی جائے گی، اس کے علاوہ فرنیچر، ملبوسات، ڈنر سیٹ سمیت استعمال کی13 اشیا گفٹ کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہدایت دی کہ اجتماعی شادیوں کے دائر کار کو مزید بڑھایا جائے، اس کے علاوہ اجلاس میں پنجاب بھر میں عارضی کاشت کے لئے ایک لاکھ ایکڑ تین اور پانچ سال لیز پر بے زمین کاشتکاروں کو الاٹ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب میں ای بس سروس اسکیم کی منظوری دی گئی، پہلے مرحلے میں 27 بسیں آئیں گی، اس کے علاوہ ای بسوں کی پارکنگ میں چارجنگ کے لئے 1.2 میگا واٹ سولر پینل لگائے جائیں گے، جبکہ پنجاب بھر میں 680 ای بسیں سال کے آخر تک فنکشنل ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور میں الیکٹرک ٹیکسی کا پلان طلب کرلیا، اس کے علاوہ صوبہ بھر میں آٹا اور چکن کے نرخ کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا گیا، جبکہ الحمرا لاہور میں اجوکا تھیٹر فیسٹول کے لئے 10 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
