Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی زیرصدارت غزہ کی صورتحال پر اجلاس، اضافی امداد بھجوانے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیرصدارت غزہ کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں اضافی امداد بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت غزہ کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں این ڈی ایم اے کی بھجوائی جانے والی امداد پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں موسم سرما کیلئے غزہ میں محصور مظلوم فلسطینیوں کیلئے 600 ٹن امداد بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین، غزہ اور لبنان کے مسلمانوں کو مصیبت میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے، حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کی اپیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی ظلم کے شکار نہتے فلسطینیوں اور لبنانیوں کی مدد کیلئے حکومتِ پاکستان نے امدادی فنڈ قائم کر دیا ہے، پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد بڑھ چڑھ کر اس فنڈ میں عطیات جمع کروائیں، پاکستان اور ملک سے باہر مقیم پاکستانی

IBAN:PK11SBPD0000001111114292 Raast ID: 01111114292

میں عطیات جمع کروا کر اپنے فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں کی مدد میں حکومت کا ساتھ دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان موسمِ سرما کیلئے فلسطین، غزہ اور لبنان میں اسرائیلی ظلم و جارحیت کے شکار مسلمان بہن بھائیوں کیلئے مزید 3 ہزار خیمے اور 12 ہزار کمبل بھیجے گا، پاکستان اسرائیلی ظلم و جبر کے شکار مسلمان بہن بھائیوں کیلئے اشیاءِ خورونوش اور ادویات بھی بھیج رہا ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کا فلسطینیوں تک امداد میں رکاوٹ پیدا کرنا تشویشناک اور قابلِ مذمت ہے، فلسطینیوں و لبنانیوں کی مدد کیلئے حکومتی کوششوں میں تعاون کرنے والی این جی اوز کا کردار بھی قابلِ ستائش ہے، فلسطین اور لبنان بھیجی جانے والی امدادی  اشیاء میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، یقینی بنایا جائے کہ امدادی اشیاء میں بھیجے جانے والے خیمے فائر پروف ہوں۔

اجلاس میں این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ نے وزیرِ اعظم کو امدادی اشیاء کے راستوں، ترسیل کے ذرائع اور اشیاء کی تفصیل سے آگاہ کیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ 8 اکتوبر 2023 سے اب تک امدادی اشیاء کے 12 کارگوز فلسطین اور لبنان بھیجے جا چکے. ان کارگوز میں 6 چارٹر، 3 پاک فضائیہ کی خصوصی پروازیں اور 3 کارگوز بحری راستے سے بھیجے گئے. بھیجی جانے والی اشیاء میں  3145 خیمے، 12625 کمبل سمیت اشیاءِ خورونوش، خشک دودھ اور ادویات شامل ہیں.

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ فلسطینی میڈیکل طلباء کا پہلا گروپ لاہور پہنچ چکا، جبکہ دوسرا گروپ بھی گزشتہ دنوں اسلام آباد پہنچ گیا. وزیرِ اعظم نے ہدایت جاری کی کہ میڈیکل کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی طلباء کی پاکستان کی یونیورسٹیوں میں تعلیم کیلئے اقدمات یقینی بنائے جائیں۔

وزیرِاعظم نے ہدایت جاری کی کہ امدادی اشیاء کی تعداد کو بڑھایا جائے بالخصوص بھیجی جانے والی اشیاء میں سردی سے بچاؤ کے فائر پروف خیمے اور کمبل بڑی تعداد میں شامل کئے جائیں. وزیرِ اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ بھیجی جانے والی اشیاء کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے.

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version