Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ کا اختیار صرف فیصلے جاری کرنا، وضاحتیں جاری کرنا نہیں، عظمیٰ بخاری

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سپریم کورٹ کا اختیار صرف فیصلے جاری کرنا ہے، وضاحتیں جاری کرنا نہیں۔

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پارلیمنٹ کے بنائے آئین اور قوانین پر ہی ملک کے انتظامی و ریاستی معاملات چلتے ہیں، پارلیمنٹ کے علاوہ کسی اور ادارے کو آئین کی من پسند تشریح کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی اصلاحات موجودہ دور میں اشد ضروری ہوچکی ہیں، آئینی عدالت کا قیام میثاق جمہوریت کے مطابق عمل میں لایا جا رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میاں نواز شریف اور بے نظیر بھٹو نے جو میثاق جمہوریت کیا آئینی ترمیم اسی کے تحت ہو رہی ہیں، کل اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کا وفد آئینی ترمیم پر بات کرنے گیا تو مہاتما 45 منٹ اپنے رونے روتا رہا۔

 عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل تک جو دوسرے کے  اے سی اتروانے کی دھمکیاں دیتا تھا آج اپنا ٹی وی بند ہونے کے شکوے کررہا ہے، بانی پی ٹی آئی آئینی ترمیم کے بدلے این آر او حاصل کرنا چاہتے ہیں جو ملنا نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ایک سال جیل میں رہنے کے بعد بھی انکا مائنڈ سیٹ انتشاری ٹولے کے سرغنہ والا ہے، جن لوٹوں سے بانی پی ٹی آئی وزیراعظم بنے ان کو اب غدار کہتے شرم آنی چاہیے، جیل میں کوکونٹ اور چقندر کا جوس پینے سے انقلاب نہیں آتے۔

عظمیٰ بخاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان بانی پی ٹی آئی کی ریاست مخالف سرگرمیوں سے بھی تنگ آچکے ہیں، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ ملک میں پھر ایک اور نو مئی ہو جو اب ہم ہونے نہیں دیں گے،  آئینی ترامیم پر اتفاق رائے اچھی بات ہے لیکن تحریک انصاف سے بات کرنا وقت کا ضیاع ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version