Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور چین کا 6.8 ارب ڈالر کا ایم ایل ون معاہدہ یکمشت نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان اور چین کی جانب سے 6.8 ارب ڈالر کا ایم ایل ون معاہدہ یکمشت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ریلوے لائن ون کے لئے فیز ون اور فیز ٹو دونوں کے الگ الگ معاہدے ہوں گے، فیز ون کے تحت 3.2 ارب ڈالر کا نیا معاہدہ آئندہ ماہ طے پائے جانے کا امکان ہے جبکہ سیکنڈ فیز کیلئے معاہدے سے قبل فیزیبلیٹی اسٹڈی فرسٹ فیز مکمل ہونے کے بعد ہو گی۔

ذرائع کے مطابق پہلے فیز میں کراچی سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے ملتان ریلوے لائن کی تعمیر ہو گی جبکہ ایم ایل ون کے سیکنڈ فیز میں ملتان سے پشاور ریلوے لائن تعمیر کی جائے گی۔

علاوہ ازیں رواں ماہ چائینیز حکام کے ساتھ معاہدے کیلئے فنانسنگ ٹرم اینڈ کنڈیشنز کو فائنل کیا جائے گا، فیز ون کے دو پیکج ہوں گے پیکج ون کے تحت کراچی سے حیدرآباد ریلوے لائن تعمیر کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیز ون کے پیکج ٹو کے تحت حیدرآباد سے ملتان کی ریلوے لائن تعمیر کی جائے گی جبکہ فرسٹ فیز مکمل ہونے کے بعد سیکنڈ فیز کی تعمیر سے قبل فیزیبلیٹی اسٹڈی ہو گی، فیز ون کے تحت ایم ایل ون کیلئے چین سے لانگ ٹرم فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایم ایل ون کیلئے پاکستان چین سے کم شرح سود پر قرض حاصل کرنے خواہاں ہے، پہلے چین کے ساتھ ایم ایل ون کیلئے 6.8 ارب ڈالر کی فنانسنگ پر بات ہو رہی تھی، تاہم ایم ایل ون کیلئے چین کے ساتھ یکمشت معاہدہ کرنے پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version