وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹوں میں ہمارے خام مال کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے خود کو مستفید کررہے ہیں، سائنس کے شعبے میں ترقی کیلئے ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھری ڈی پرنٹنگ کے شعبے میں جدید رجحانات متعارف کرائے جارہے ہیں، ہمارے علاقے قدرتی وسائل سے مالامال ہیں، عالمی مارکیٹوں میں ہمارے خام مال کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی مضبوطی کیلئے خام مال کی بہتر مارکیٹنگ کرنی ہے، تحقیق کے شعبے میں بہتری لا کر نئے رجحانات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، ہمیں لائبریریز، لیبارٹریز کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنا ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ نوجوان نسل کو نئے تصورات پر کام کرنے کی ضرورت ہے، دفاع سے متعلق تحقیق کے رجحانات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، حکومت تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اقدامات اٹھارہی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ خلائی ٹیکنالوجی کا آج تجارتی بنیادوں پر استعمال ہورہا ہے، کسی بھی شعبے کی ترقی کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جامعات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
