سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اس وقت جنگ لاہور اور اسموگ کے درمیان ہے۔
سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اسموگ میں کمی کیلئے اقدامات کیے، نوٹس کے بعد اینٹوں کے 700 بھٹوں کو مسمار کیا گیا، بااثر لوگوں کے بھٹے میں نے خود جا کر مسمار کرائے۔
انہوں نے کہا کہ معاملہ لاہور اور پنجاب کے لوگوں کی صحت کا ہے، دھوئیں چھوڑنے والے بھٹوں پر 1350 ایف آئی آرز کاٹی گئیں، اسموگ میں کمی کے اقدامات کے دوران کسی سفارش کو نہیں مانا گیا، زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں کیخلاف کارروائی کی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف مقدمات درج کر رہے ہیں، سیف سٹی کیمروں سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی شناخت کی جارہی ہے، تعمیراتی مٹیریل جب لاہور میں داخل ہو گا تو ایس او پیز کے تحت ہوگا، گلبرگ میں پلاسٹک بیگ استعمال کرنے والی دکانوں کو گزشتہ رات سیل کیا گیا۔
سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ موٹر سائیکل کے دھوئیں کا اخراج بھی اسموگ کا باعث بنتا ہے، 6800 صنعتیں لاہور کی حدود میں قائم ہیں، لاہور کا گرین ایریا صرف 3.3 فیصد ہے، لاہور کے شہری سال کے 275 دن آلودہ فضا میں سانس لیتے ہیں، اس وقت جنگ لاہور اور اسموگ کے درمیان ہے، اسموگ ایسے ہی نہیں آتی ہم خود لاتے ہیں۔
