Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیف جسٹس کا سپریم کورٹ کی تمام عدالتوں کو لائیو اسٹریمنگ سے منسلک کرنے کا فیصلہ

چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے سپریم کورٹ کی تمام عدالتوں کو لائیو اسٹریمنگ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس محمد علی مظہر کو تمام عدالتوں کو لائیو اسٹریمنگ سے منسلک کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔

 منصوبے کے تحت سپریم کورٹ کی تمام کورٹ رومز میں لائیو اسٹریمنگ کی سروس فراہم کی جائے گی، سپریم کورٹ کے تمام کورٹ رومز میں لائیو اسٹریمنگ کی سروس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی خصوصی ہدایات پر کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لائیو اسٹریمنگ کی سروس سائلین کی رضامندی کے ساتھ مشروط ہوگی، کسی خاتون سائل کی رضامندی کے تحت کیس کی سماعت میں رازداری برتی جائے گی، لائیو اسٹریمنگ کی سروس کے تحت عدالت کی کاروائی تک دنیا بھر سے رسائی حاصل ہوگی۔

لائیو اسٹریمنگ سروس کے تحت اوورسیز پاکستانی سائلین بھی اپنے مقدمات کی سماعت براہِ راست دیکھ سکیں گے، لائیو اسٹریمنگ سروس کے لیے مطلوبہ کیمرے سمیت دیگر الات کی خریداری کے لیے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

لائیو اسٹریمنگ سروس کے لیے کمیٹی پروپوزل تیار کر کے حتمی منظوری کے لیے چیف جسٹس پاکستان کو بھجوائے گی، اس وقت سپریم کورٹ کے صرف کمرہ عدالت نمبر ایک میں لائیو اسٹریمنگ سروس فراہم کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version