امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ افغانستان سے معاملات طریقے سے ہینڈل کرنے کی ضرورت ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے دوستی، تجارت بڑھانے کے نواز شریف کے بیانات اچھے نہیں، دیکھنا چاہیے یہ لوگ کشمیر کے مسئلے کو کس طرح دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت، سفارتکاری رکھنا دنیا میں ہوتا ہے، بھارت نے کشمیر پرغیر قانونی قبضہ کیا ہے، انتہا پسند بھارت مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے، گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل کیا گیا، میاں صاحب ان سے ملاقات کے لیے تڑپے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے تجارت اور دوستی کی باتیں قبول نہیں، کل 27 اکتوبر کو یوم سیاہ تھا، ہمارے وزیر خزانہ نے کہا بھارت سے تجارت منقطع ہے، ایسی صورتحال میں اس طرح کے بیانات کشمیریوں کو تکلیف دیتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ افغانستان سے معاملات طریقے سے ہینڈل کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں کسی بھی بین الاقوامی طاقتوں کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے، حکومت کی ذمےداری بنتی ہے افغانستان سے معاملات کو بہتر بنایا جائے۔
