Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کا عالمی امن کے استحکام اور توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار رہا ہے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا عالمی امن کے استحکام اور توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت 12 ویں عالمی دفاعی نمائش اور سیمینار (آئیڈیاز 2024) کی تیسری اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

صوبائی وزراء، شرجیل انعام میمن، ضیاء الحسن لنجار، جام کرام اللہ دھاریجو، ذوالفقار شاہ، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن، میجر جنرل اسد نواز، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، انسپیکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو اور دیگر متعلقہ افسران وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آئیڈیاز 2024ء کا انقاد کراچی میں 19 تا 22 نومبر کو  ہوگا، سی ویو (نشان پاکستان) پر شہریوں کے لیئے 21 نومبر 2024 کو کراچی شو کا اہتمام کیا جائے گا، آئیڈیاز 2024 ءسے پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی امن کے استحکام اور توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار رہا ہے، آئیڈیاز کی میزبانی خطے میں تکنیکی ترقی اور تبادلے کی حوصلہ افزائی کے لیے ہمارے عہد کا منہ بولتا ثبوت ہے، آج ہم بین الاقوامی دفاعی نمائش – آئیڈیاز 2024 کیلئے منصوبوں کو حتمی شکل دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مضبوط نمائندگی اس تقریب کی کامیابی کے لیئے ہماری مشترکہ عزم کی عکاسی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے آئیڈیاز 2024 کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کے ایم سی، واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ہدایت دی کی آئیڈیاز کی موقعے پر شہر صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں فوٹ پاتھ کو پینٹ کر کے گرین بیلٹ میں پودے اور گھاس لگائیں، آئیڈیاز کے ایونٹ سے پہلے جن سڑکوں اور راستوں کو مرمت کی ضرورت ہے وہاں  پیچ ورک مکمل کیا جائے،اسٹریٹ لائیٹس، سگنلز کی صفائی اور ان کو پینٹ کر کے بہتر کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹریفک کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ٹریفک پولیس کو ٹریفک مینجمنٹ اور متبادل راستوں کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئیڈیاز 2024ء  کی تیسری اسٹیرنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج  کی تقریب آئیڈیاز 2024ء کی کامیابی کے لیئے ہماری مشترکہ عزم کی عکاسی ہے، تمام متعلقہ یہ پارٹنرشپ آئیڈیا پلیٹ فارم کیلئے حکومت سندھ  کی غیر متزلزل حمایت کی تصدیق کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز سنہ 2000 کے آغاز کے بعد سے قومی اور عالمی دفاعی صنعت کی پہچان بن گیا ہے، دو سالہ تقریب مستقل طور پر ایک بڑی اجتماع بن گیا ہے، دفاعی نمائش میں جدید ٹیکنالوجی کو پاکستان اور اس سے باہر علم کے تبادلے کو فروغ ملتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز کو اب دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے، دفاعی نمائش عالمی شراکت داروں کے ساتھ ہمارے گہرے و باہمی تعلقات کا ثبوت ہیں، مشترکہ پلیٹ فارم سے عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کا پیغام جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نمائش میں غیر ملکی مندوبین و دفاعی صنعت کار امن و سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کرتے ہیں، آئیڈیاز 2024 کا میلہ 19 سے 22 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر سجے گا، آئیڈیاز کے بارویں ایڈیشن کی میزبانی ہمارے عزم و ترقی کے سفر کو واضح کرتی ہے۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز 2024 پاکستان کے عالمی پارٹنرز کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط کرے گا، دفاعی نمائش سے مندوبین، تجارتی وفود، دفاعی حکام کے درمیان تبادلوں کو بھی فروغ ہوگا، پیچیدہ منصوبہ بندی اور بغیر کسی رکاوٹ کے عملدرآمد کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے، آج ہم مختلف تنظیموں اور محکموں کے منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2024 کو کامیاب بنانے کیلئے سب کا اجتماعی عزم اور تعاون ضروری ہے، آئیڈیاز 2024 مجموعی طور پر پاکستان کیلئے ایک کامیابی ہوگی، سندھ حکومت آئیڈیاز  2024 کی کامیابی کے لیے اپنا مکمل تعاون کرے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کامیاب حصول کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version