اسلام آباد: نیشنل ٹاسک فورس کی بہترین حکمت عملی کے باعث پاورسیکٹر میں جامع اصلاحات کاعمل شروع کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں پاور سیکٹر میں اصلاحات کے لیے نیشنل ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا۔
ٹاسک فورس میں چیئرمین وزیر توانائی اویس لغاری کے علاوہ، آرمی آفیشلز اور دیگر اداروں کی نمائندگی بھی شامل ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق ٹاسک فورس پاور سیکٹر میں مختلف اصلاحات کے ذریعے ملک کی اقتصادی ترقی اور عوام کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے، پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 9.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی وجہ سے یہ اصلاحات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد بجلی کی قیمتوں میں کمی، بجلی کی دستیابی کو بہتر بنانا اور ایک مستحکم مسابقتی پاور مارکیٹ کا قیام ہے، حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے کچھ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی جانچ پڑتال اور کچھ کے ساتھ پرانےکنٹریکٹ ختم بھی کیے ہیں، ان اقدامات سے نہ صرف بجلی کی قیمتوں میں کمی بلکہ حکومت کی اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ بجلی کی بہتر فراہمی کیلئے حکومت توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے پر بھی کام کر رہی ہے، حکومت نے ڈسٹری بیوشن کمپنیز کی نجکاری کے منصوبے پر بھی کام شروع کر دیا ہے تاکہ بجلی کی فراہمی میں مزید بہتری اور شفافیت لائی جاسکے۔
اویس لغاری نے کہا کہ ایک نئی پاور مارکیٹ کا ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا جہاں صارفین بجلی خریدسکیں گے، پاور مارکیٹ کے قیام سے ایک ہی ڈسٹریبیوٹر پر انحصار کم ہوگا، اس ضمن میں انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (ISMO) کا قیام بھی عمل میں لایاجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی پاور مارکیٹ کے قیام کا مقصد بجلی کی خریداری کی پابندیوں کو کم کرنا ہے، نئی پاور مارکیٹ میں صارفین مختلف کمپنیوں کی پیش کردہ بجلی کے پیکجز میں سے انتخاب کر سکیں گے، اس کے ذریعے ہر صارف کو اپنی ضرورت کے مطابق بجلی کی خریداری کا موقع فراہم کیا جائے گا، ان اصلاحات کا مقصد پاکستان کی اقتصادی ترقی اور عوام کو سستی اور معیاری بجلی کی فراہمی ہے۔
توانائی کے شعبے کے ماہرین کے مطابق ان تمام اصلاحات سے بجلی کی قیمتوں میں کمی اور معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی، ٹاسک فورس کے ان تمام اقدامات سے پاور سیکٹر میں جدت اور شفافیت جبکہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئے گی۔
