اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مستونگ دھماکے کے ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت دے دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مستونگ میں گرلز ہائی اسکول پر بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں تین بچوں اور ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں کا اسکول پر دھماکہ بلوچستان میں انکی تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ایسے بزدلانہ حملوں سے ہماری قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ایسے حملے حکومت کے بلوچستان میں تعلیم و ترقی کے فروغ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دینے والے پولیس کے افسران و جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
