دوحہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطری تاجروں کو پاکستانی معیشت کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن (کیو بی اے) کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لئے مشترکہ اہداف کی نشاندہی پر زور دیا گیا۔
وزیر اعظم نے قطری کاروباری رہنماؤں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی اور توانائی، انفرا اسٹرکچر اور دیگر اہم اقتصادی پراجیکٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔
وفد نے پاکستان کے اقتصادی منظرنامے اور بالخصوص توانائی، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے آئندہ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران پاک- قطر اقتصادی تعلقات اور اس حوالے سے مزید ممکنہ تعاون کا جائزہ لیا گیا، جو دونوں ممالک میں روزگار کی تخلیق، اختراعات اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
وفد نے وزیر اعظم کی دعوت کا مثبت جواب دیا اور پاکستان کے توانائی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی دکھائی۔
اس دوران وزیر اعظم اور قطری وفد نے اقتصادی استحکام اور ترقی کو تقویت دینے کے لیے دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف وزیر دفاع، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات جناب محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات جناب عطاء اللہ تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وفد میں قطر کی سرکردہ کاروباری شخصیات اور معیشت کے بااثر شعبوں کی نمائندگی شامل تھی۔
