میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لئے سائنسی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے دفتر پہنچ گئے۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور چینی کمپنی کے درمیان صفائی ستھرائی کے حوالے سے معاہدہ ہوا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ معاہدے کے تحت یہ گروپ ضلع ملیر، ضلع غربی اور کیماڑی سے کچرا اٹھائے گی، ہینگزو گروپ کے ساتھ معاہدے سے ان علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق ہمیں عوام کو صاف ستھرا کراچی دینا ہے، کراچی کے انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کے کاموں پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ کمرشل اور صنعتی علاقوں سے کچرا اٹھانے کے لئے بھی کام جاری ہے، صنعتوں سے پیدا ہونے والے کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لئے سائنسی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ماضی میں کراچی میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر تھے جسے ہم نے صاف کیا، کراچی کی بہتری اور ترقی کے لئے جو ممکن ہوسکا وہ اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔
