Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیالکوٹ؛ ساس نے حاملہ بہو کا قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کردیے

سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے تھانہ موترہ کے علاقے میں قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی جس نے انسانی رشتوں کی سفاکی کی الگ داستان رقم کردی۔

ساس نے بیٹی اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مل کر حاملہ بہو کو قتل کر کے اس کے ٹکڑے کیے اور پھر ان ٹکڑوں کو نالے میں مختلف مقامات پر پھینک دیا تاکہ جرم کا کوئی نشان نہ مل سکے۔

گوجرانولہ کے رہائشی شبیر احمد (جو کہ محکمہ پولیس میں بطور ASI ملازمت کرتا ہے ) نے اپنی بیٹی زارا کی شادی 4 سال قبل تھانہ موترہ کے موضع کوٹلی مرلہ میں کی۔

زارا کا خاوند قدیر بسلسلہ روزگار اٹلی میں مقیم ہے، زارا کا ایک بیٹا محمد شافع جو اب اڑھائی سال کی عمر کو پہنچ چکا ہے۔

زارا اپنے خاوند کے پاس رہنے کے بعد ایک ماہ قبل واپس آئی تھی۔

زارا کے باپ کا کہنا ہے کہ زارا کی ساس جو اس کی خالہ بھی ہے اور نند ہر وقت میری بیٹی سے لڑتے جھگڑتے رہتے تھے۔

چند روز قبل جب زارا کے باپ کا اپنی بیٹی سے فون پر رابطہ کرنے کے باوجود رابطہ نہ ہوا تو وہ بیٹی کے سسرال گیا اور پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ وہ تو صبح کی آپکی طرف ہی گئی ہوئی ہے، مگر جب اس نے اپنے نواسے شافع کو گھر میں دیکھا تو اسے مزید تشویش لاحق ہوئی۔

شبیر احمد نے تھانہ موترہ میں درخواست دی کہ میری بیٹی کو اس کے سسرالیوں نے کہیں غائب کردیا ہے۔

پولیس نے شبیر احمد کی درخواست پر مقدمہ درج کیا۔

تفتیش شروع ہوتے ہی جب ملزمان کو گرفتار کیا گیا تو دوران تفتیش انہوں نے ہولناک انکشاف کیا کہ انہوں نے زارا کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کر کے نالے میں پھینک دیے ہیں۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ کئی دنوں سے زارا کے قتل کی منصوبہ بندی کرتے رہے، انہوں نے لاہور میں رہنے والے اپنے رشتہ دار نوید کو بھی قتل میں شامل ہونے پر آمادہ کیا۔

زارا کے قتل سے ایک روز قبل ملزمان نے ایک ٹوکہ خریدا جس سے وہ لاش کے ٹکڑے کرسکیں۔

قتل کے روز ملزم نوید، زارا کی ساس اور نند نے مل کر زارا کو قتل کیا، بعد ازاں ملزمان نے زارا کی لاش کو کئی ٹکڑوں میں تقسیم کیا اور اس کے چہرے کو آگ سے جلانے کی کوشش بھی کی۔

اس کے بعد انہوں نے لاش کو تین علیحدہ علیحدہ پلاسٹک کے توڑوں میں ڈال کر نالے میں پھینک دیا۔

پولیس، ریسکیو اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر 24 گھنٹے سے زائد آپریشن کرتے ہوئے تین مختلف مقامات سے مقتولہ کے جسم کے اعضا برآمد کیے۔

پولیس نے وقوعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے۔

مقتولہ کا خاوند قدیر بھی بیرون ملک سے واپس آگیا ہے اور غم سے نڈھال ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version