سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ بندوق اور بدمعاشی سے کوئی ریاست سے اپنی بات نہیں منوا سکتا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز بس سروس کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کیا ہے، بسز کے اندر اور باہر کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی سے ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بسز کے اندر کمپلین نمبر کی بھی تشہیر کی گئی ہے، کسی مسافر کی کوئی چیز چوری ہو تو وہ بھی کیمرے میں آجائے گی، کوئی شکایت ہے یا کرایہ زیادہ لیا جا رہا ہے تو کمپلین کر سکتے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں انارکی چاہتی ہے، یہ ہرحال میں پاکستان کو چوک کرنا چاہتے ہیں، ایک گروہ چاہتا ہے پاکستان میں معیشت کا پہیہ نہ چلے، یرغمالی ٹولہ ملک کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہا ہے، بشریٰ بی بی کہہ رہی ہیں ہر شخص5،5 ہزار لے کر اسلام آباد آئے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ورغلایا جا رہا ہے، ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، کےپی کے وسائل استعمال کر کے اسلام آباد میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، بندوق اور بدمعاشی سے کوئی ریاست سے اپنی بات نہیں منوا سکتا، کہاجا رہا ہے جو 5 ہزار بندے لے کر نہیں آیا اسے پارٹی ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تشدد کسی چیز کا حل نہیں، ریاست سے کوئی نہیں جیت سکتا، سوشل میڈیا کا مثبت استعمال ہونا چاہیے، اداروں کے خلاف نہیں، ملک کو چلانے کے لیے غیر مشروط طور پر حکومت کا ساتھ دیا، ہم حکومت کے اتحادی نہیں لیکن غیرمشروط سپورٹ کی تھی، حیدرآباد سکھر موٹروے کی پورے پاکستان کو ضرورت ہے، وفاقی حکومت سے کہا ہے ہمارا جو جائز حق ہے وہ ہمیں دیا جائے۔
