آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں فتنہ الخوراج کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنیوالے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جامِ شہادت نوش کرنے والے صوبیدار عمران احمد فاروقی شہید (عمر: 44 سال، ساکن: گوجرانوالہ)، حوالدار محمد جاوید اقبال شہید (عمر: 29 سال، ساکن: سرگودھا) اور نائیک طہماس احمد شہید (عمر: 34 سال، ساکن: ایبٹ آباد) کی نماز جنازہ بنوں گیریژن میں ادا کردی گئی ہے۔
علاوہ ازیں نائیک باسط فرید شہید (عمر: 39 سال، ساکن: ہری پور)، سپاہی صفدر علی شہید (عمر: 33 سال، ساکن: ضلع بارکھان)، سپاہی اسد بشیر شہید (عمر: 32 سال، ساکن : ضلع کوہلو)، سپاہی اعجاز حسین شہید (عمر: 38 سال، ساکن : ڈیرہ غازی خان)، سپاہی عاطف خان شہید (عمر: 23 سال، ساکن: میانوالی)، سپاہی امان اللہ شہید (عمر: 30 سال، ساکن : ضلع کرک)، سپاہی شاہ زمان شہید (عمر: 22 سال، ساکن: لوئر دیر)، سپاہی حسیب اللہ شہید (عمر: 22 سال، ساکن: ضلع کرک) اور عثمان اللہ شہید (عمر: 33 سال، ساکن: ضلع کرک) کی بھی نماز جنازہ میں بنوں گیریژن میں ہی ادا کی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہداء کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری حکام، سول انتظامیہ اور فوجی جوانوں نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دفاع وطن میں ہمارے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں ہمارے جذبے اور عزم کو تقویت دیتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں میں خارجیوں کا چیک پوسٹ پر حملہ؛ 6 دہشتگرد ہلاک جبکہ 12 جوان شہید
