وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیرِ صدارت پی ایس ڈی پی منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ پی ایس ڈی پی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 400 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے تین سال میں مکمل کیے جائیں گے، بلوچستان کے روڈ منصوبے بروقت مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ 80 فیصد مکمل منصوبوں کو فوری فنڈز فراہم کر کے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، آئندہ پی ایس ڈی پی “فائیو ایز” اور پانچ سالہ منصوبہ بندی کے اہداف سے ہم آہنگ ہوگا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، بیرونی امداد سے جاری منصوبے جلد مکمل کیے جائیں تاکہ نئے منصوبے شروع کیے جا سکیں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ وزارت منصوبہ بندی دیگر وزارتوں کے ترقیاتی بجٹ کے بروقت استعمال کو یقینی بنائے۔
