کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے راولپنڈی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے راولپنڈی میں چکری کے قریب دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی، دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔
سی ٹی ڈی اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ 2 دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوزوائر، آئی ای ڈی بم، رائفلیں، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، دہشت گرد راولپنڈی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔
