Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بانی پی ٹی آئی عدالتوں سے رہا ہوں گے ایسے دھرنوں سے نہیں، ناصر شاہ

صوبائی وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عدالتوں سے رہا ہوں گے ایسے دھرنوں سے نہیں۔

صوبائی وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے لوگوں کو بہترین سروس فراہم کی ہے، اس شہر سے ڈیجیٹل سروس شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ ای سروس سے آن لائن ڈومیسائل، پی آر سی بنوارہے ہیں، لوگوں کی خدمت کے لیے سندھ حکومت کوشاں ہے، صحت، تعلیم اور دیگر سروسز سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی انتشاری ٹولہ ہے، سیاسی جماعت نہیں، یہ ہمیشہ جلاؤ، گھیراؤ کرتے ہیں انتشار پھیلاتے ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمارے پولیس اور رینجرز کے جوان شہید اور زخمی ہوئے ہیں، یہ زمان پارک میں پیٹرول بم استعمال کرتے ہیں، ان کا کام ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اتنی مہنگائی کیوں ہے؟ کیوں آئی ایم ایف کے آگے ہمیں جانا پڑا؟ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے لیکن یہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تسلسل ہے اس انتشاری ٹولے کا، نوجوان نسل کو گمراہ کیا گیا کبھی سائفر لہرایا گیا، اس وقت ملک میں انویسٹمنٹ آرہی ہے اور یہ دھرنے دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے دھرنے ملک کے خلاف ہیں، اب یہ پی ٹی آئی والے این آر او مانگ رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی رہا ہوجائیں، بانی پی ٹی آئی عدالتوں سے رہا ہوں گے ایسے دھرنوں سے نہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ان کے وکلا اپنی سیاست چمکا رہے ہیں وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کررہے ہیں، ان کی سیاست سے فورسز کا نقصان ہورہا ہے، پُرامن جلسے جلوسوں کو ہم نہیں روکتے ہیں، پی ٹی آئی کا کوئی جلسہ یا ریلی پُرامن نہیں ہوتی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version