چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان بین العقائد ڈائیلاگ، مفاہمت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اورسعودی عرب کے گرینڈ مفتی کے مابین سعودی عرب میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گرینڈ مفتی کا شکریہ ادا کیا، اور ان کی عالم اسلام کے لیے خدمات، مشکلات میں اسلامی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب تعلقات مشترکہ مذہبی اقدار، اور باہمی احترام کے جذبے پر مبنی ہیں، جبکہ انہوں نے مسلم امہ کے اتحاد کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور سعودی عرب کا جدید دور کے چیلنجرز کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اور کہا کہ پاکستان تعلیمی اور مذہبی شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ معاونت کاری کا خواہاں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیمی اور مذہبی شعبوں میں معاونت کاری اسلام کا پیغام عام کرنے میں مددگارثابت ہوگی، خطے میں امن اور استحکام کا فروغ عالم اسلام کی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان امن اور استحکام کے اقدامات کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے، برداشت اور تحمل کے فروغ کے لیے گرینڈ مفتی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی تعلیم اور ماہرین کے وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہوگی، جبکہ گرینڈ مفتی سے ملاقات بہت بڑا اعزاز ہے۔
ملاقات میں سید یوسف رضا گیلانی کی سعودی عرب کی مہمان نوازی اور ثقافت کی تعریف کی اورگرینڈ مفتی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی عوام سعودی عرب کے گرینڈ مفتی کے ساتھ گہرا لگاؤ رکھتی ہے، جبکہ سعودی گرینڈ مفتی کے جاری کیے گئے فتوے نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے عالم اسلام کی رہنمائی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے اتحاد اور جدید دور کے مسائل پر گرینڈ مفتی نے ہمیشہ عالم اسلام کی رہنمائی کی ہے، جبکہ تنازعات کے خاتمے، مسائل پر قابو پانے کے گرینڈ مفتی نے مثالی کردار ادا کیا ہے، پاکستانی حکومت عوام گرینڈ مفتی کے مثبت کردار کی معترف ہے۔
