Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یوم ثقافت سندھ، پیپلزپارٹی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد

یوم ثقافت سندھ پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ 

 وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  نے سندھ کے یوم ثقافت پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے عظیم سندھی تہذیب کے وارثوں کو ’’ یوم ثقافت ‘‘ مبارک ہو۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قومیں اپنی ثقافت سے پہچانی جاتی ہیں،  سندھ کی پہچان امن، محبت اور بھائی چارہ ہے، جبکہ مہمان نوازی سندھ کی اٹوٹ روایت ہے۔

مراد علی شاہ  نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں صوفیوں کی سرزمین سندھ میں پیدا ہوا، مجھے اور میرے خاندان کو سندھ کی خدمات کا بار بار موقع ملا، جسے میں اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ کی عظیم تہذیب کا دن منانا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے، ہمارا عزم ہے کہ سندھ کو امن کا گہوارا بنائیں، سندھی تہذیب کے عروج کا زمانہ واپس لائیں،  سندھ کو جدید دور کی قیادت کے قابل بنائیں۔

مراد علی شاہ نے اپنے پیغام کہا کہ میری نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ جدید تعلیم حاصل کریں، کتاب کو دوست بنائیں ہنر اپنائیں، ایک دوسرے کی مدد کریں اور ایک عظیم سندھ کی تشکیل میں حکومت کا ساتھ دیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ آج خوشی کا دن ہے، آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو بااختیار بنائیں گے، انہیں تعلیم دلائیں گے اور سندھ کی ترقی کے سفر میں ان کو شامل کریں گے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ کلچرل ڈے پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ کی عوام کو مبارک باد اور اپنی جانب سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کلچرل ڈے کی سب سے خوبصورتی سندھی اجرک اور ٹوپی کی بہار ہے، اس روز صوبہ کے عوام اپنے کلچر سے اظہار محبت کرنے کے لیے صوبہ کی ثقافت سے مزین سندھی ٹوپی اور اجرک پہنتے ہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ سندھ کی ثقافت بہت ہی قدیم تاریخی اہمیت کی حامل ہے جو ہزاروں سالوں کی تاریخ اور روایات پر مبنی ہے، ہم صوبہ کی ثقافتی اقدار، روایات، اور زبان کو تحفظ دینے اور فروغ دینے کا عہد کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبہ سندھ کی ثقافت کو فروغ دینے اور اسے دنیا بھر میں پھیلانے کا آج عہد کرتے ہیں، ایک بار پھر صوبہ کے عوام کو سندھ کلچر ڈے بہت بہت مبارک ہو۔

مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری مرکزی

ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے سندھ ثقافت ڈے پر اپنے پیغام میں سندھ سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں رہنے والوں کوسندھی  یومِ ثقافتِ کی مبارکباد پیش کی۔

شازیہ مری نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کا دن ہم آہنگی و بھائی چارے کا پیغام ہے، انڈس سویلائیزیشن عرضِ پاکستان کا سر کا تاج ہے۔

شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ  قائدِعوام نے کلچر کے فروغ اور تحفظ کو 1973 کے آئین میں یقینی بنایا، پیپلز پارٹی کی حکومت میں پہلی مرتبہ محکمہ تقافت کا قیام ہوا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ نے اجرک پہن کر دنیا میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کیا، بطور صدر، صدر آصف علی زرادری نے سندھی ٹوپی پہن کر بین القوامی سطح پر پاکستان کی نمائدگی کی، چئیرمین بلاول بھٹو اور بی بی آصفہ بھٹو بھی کلچر کو ہر سطح پر فروغ دے رہے ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ یہ دن ان لوگوں کا ہے جو عظیم  ثقافت و تہذیب کے وارث و امین ہیں، وادیِ مہران کا کلچر، موسیقی اور ادب وتہذیب صدیوں پر محیط ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کلچر ڈے سے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو قدیم اور عظیم ثقافت سے روشناس کرانے میں مدد ملتی ہے، سندھ دھرتی وہ عظیم سرزمین ہے جس نے تمام زبانیں بولنے والوں کو اپنے اندر جگہ دی۔

شازیہ مری نے کہا کہ ہر مذہب ، زبان اور قوموں کے لوگ اس دھرتی کی آغوش میں محبت اور بھائی چارے سے رہ رہے ہیں، صوفیوں کی اس سرزمین میں مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کو بھی ہمیشہ محبت وخلوص ملا ہے۔

انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ کلچر ڈے پر ہم سب کو مل کر عہد کرنا چاہیے کہ  سندھ دھرتی کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version