Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مس انفارمیشن اور گمراہ کن بیانیہ، پاکستان متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل

جھوٹی معلومات یا  ’مس انفارمیشن‘ دنیا کو درپیش سب سے بڑے خطرات میں سے ایک بن چکی ہے۔

بین الاقوامی ادارے کی رپورٹ کے مطابق  پاکستان مس انفارمیشن اور گمراہ کن بیانیے سے متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

عالمی اقتصادی فورم کی 2024 کی گلوبل رسک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے ماہرین نے جھوٹی معلومات اور غلط بیانی کو آئندہ دو سالوں میں کئی ممالک کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دیا ہے۔

یہ مسئلہ نہ صرف معاشرتی بلکہ اقتصادی، سیاسی اور ماحولیاتی شعبوں پر بھی گہرے اثرات ڈال رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان بھی اس مسئلے سے شدید متاثر ہو رہا ہے۔

پاکستان میں جھوٹی معلومات اور گمراہ کن غلط بیانی کے خطرات آئندہ دو سالوں میں سب سے زیادہ اہم چیلنجز میں شامل ہوں سکتے ہیں، اور جھوٹی معلومات کا یہ خطرہ ملک کو درپیش مجموعی چیلنجز میں چوتھے سے چھٹے نمبر پر ہے۔

پاکستان میں مس انفارمیشن کے ذریعے فرقہ واریت، مذہبی تنازعات، اور سماجی تقسیم کو ہوا دی جا رہی ہے، جس سے معاشرتی ہم آہنگی متاثر ہو رہی ہے۔

یہ مسئلہ نہ صرف سماجی انتشار بلکہ سیاسی بے چینی، جمہوری اداروں کی ساکھ، اور عوامی اعتماد کو متاثر کر رہا ہے۔

انڈیا میں یہ خطرہ پہلے نمبر پر ہے۔ امریکہ میں چھٹے نمبر پر ہے، جبکہ برطانیہ اور میکسیکو اس فہرست میں گیارہویں نمبر پر ہیں۔ انڈونیشیا میں یہ خطرہ اٹھارہویں نمبر پر آتا ہے۔

عالمی اقتصادی فورم کے تجزیے کے مطابق اگر اس مسئلے کو قابو نہ کیا گیا تو یہ جمہوری اداروں کو کمزور کرنے اور سیاسی عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔

جھوٹی معلومات کے اس بڑھتے ہوئے طوفان کو روکنے کے لیے نہ صرف قانون سازی بلکہ سماجی شعور، تعلیمی اصلاحات، اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی شفافیت کے لیے بھی اقدامات ضروری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version