Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تیسری بغاوت ناکام ہونے پر پشتون کارڈ کھیلنا قابل مذمت ہے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ تیسری بغاوت ناکام ہونے پر پشتون کارڈ کھیلنا قابل مذمت ہے۔ 

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا و کرم میں امن و امان کے لیے آل پارٹیز کانفرنس میں صوبائی حکومت کا شرکت سے انکار شرمناک ہے، جو جماعت 12 سال خیبرپختونخوا میں اقتدار میں ہے اسے صوبے میں امن نہیں چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب تمام تحریکیں تمام کارڈ پٹ گئے تو پشتون کارڈ کو لسانیت کے طور استعمال کیا جارہا ہے، پشتونوں کے بچوں کو عمران خان اور بشریٰ بی بی اپنے ناپاک عزائم کےلیے استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ گئی ہے، علی امین کو صوبے میں قیام امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنا چاہیے تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ علی امین کے پاس اڈیالہ جیل کے قیدی کی کال پر اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کے لیے وقت اور وسائل ہیں، علی امین گنڈاپور کے پاس پشتون قوم کے بہتر مستقبل کے لیے وقت ہی نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید یہ بھی کہا کہ کرم، خیبر،بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آئے روز دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں، فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز ارض پاک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ فتنہ پارٹی انہی سیکیورٹی فورسز کے خلاف گھٹیا مہم چلانے میں مصروف ہے، علی امین کو صوبے کے لوگوں کے مستقبل سے دلچسپی نہیں تو مستعفی ہوجائے ویسے بھی انکا کرسی پر بیٹھے رہنا پشتونوں کےلیے کوئی نیک شگون نہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version