گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ میں سرحدوں پر ملک و قوم کی حفاظت کے لئے کھڑے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بنوں کے علاقے خیبر میں خوراج کے خلاف آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش فرمانے والے کیپٹن زوہیب الدین کے گھر گئے۔
انہوں نے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت اور شہید کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
سلیم حیدر خان نے پارک ویو سوسائیٹی کی مرکزی شاہراہ کو شہید کیپٹن کے نام منسوب کرنے کا اعلان کیا۔
گورنر پنجاب نے ملک و قوم کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہید کیپٹن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ملک پر اپنی جان نچھاور کرنے والے بہادر جوان قوم کا فخر ہیں، شہداء کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جائے گا، شہداء اور ان کے وارثین پوری قوم کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ایک بہادر شہید آفیسر کے اہلِ خانہ سے ملنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، شہداء کی قربانیاں ملکی سلامتی کی بنیاد ہیں، شہداء کے خاندانوں سے ساتھ کھڑے ہیں۔
سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر ملک و قوم کی حفاظت کے لئے کھڑے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے شہداء کی یاد گاروں کو نقصان پہنچانے والے ملک کے دشمن ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں ہماری فورسز کے خلاف نوجوان نسل کو گمراہ کرنا قبول نہیں، پاک فوج ہمارا فخر ہیں، دہشتگردی کی جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید کیپٹن زوہیب الدین اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، پاک فوج کی تنصیبات، شہداء کی یاد گاروں کی بے حرمتی اور زہر اگلنے والوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پاک فوج ملک کی خاطر اپنی جان نچھاور کریں اور ہم ان شہداء کی بے حرمتی کریں یہ ممکن نہیں۔
