وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام انسانوں کو عزت اور وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1948 میں انسانی حقوق کے حوالے سے یونیورسل ڈکلیئریشن بنا، 1400 سال پہلے نبیﷺ نے انسانی حقوق کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام انسان آزاد پیدا ہوئے ہیں، رنگ و نسل اور ذات پات سے بالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہے، ہمیں عبادت سمجھ کر اس مشن کو آگے لے کر چلنا ہے، تمام انسانوں کو عزت اور وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان نے اپنے ابتدائی خطاب میں انسانی حقوق کی وضاحت کی، قومی سطح پر اہداف کے حصول کے لیے کام ہورہا ہے، تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں اسماعیلی کمیونٹی کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، تعلیم کے میدان میں اقدامات اٹھا رہے ہیں، تعلیمی وظائف اور لیپ ٹاپ اسکیموں میں پورے پاکستان کو شامل کیا ہے، بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی مکمل کوشش کی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی وظائف بڑھائے ہیں تاکہ قابل طلبہ آگے آئیں، چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اقدامات کیے ہیں، بھٹوں پر چائلڈ لیبر کی بیڑیوں کو ہمیشہ کے لیے کاٹ دیا، 90 ہزار بھٹہ مزدور بچوں کو قید سے نکال کر اسکولوں میں ڈالا۔
