وفاقی وزیربرائے سیفران انجینئرامیرمقام کا کہنا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا۔
وفاقی وزیر برائے سیفران انجینئرامیرمقام نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کے استحکام کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا، ہم نے ہمیشہ ملکی مفاد کے لیے سیاست کی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا، میں پختونوں کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتا رہوں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ایجنڈا مکمل طور پر ناکام ہو گیا، صوبائی حکومت کو معاملے پر پہل کرنی چاہیے۔
امیرمقام نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی، بم دھماکوں کا مقابلہ کیا لیکن ڈٹ کر بات کی، بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دینے والے پختونوں کو استعمال کیا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے بیٹے لندن میں ہیں، لوگوں کو اسلام آباد لانے والوں کے خلاف مقدمات درج ہونے چاہئیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اے پی سی میں 17 پارٹیوں میں سے 16 نے نمائندگی کی، وزیراعلیٰ کےپی نے اہم معاملے پر اپنا نکتہ نظر دینا گوارا نہیں کیا، جذبات اور بلیم سے ہٹ کر سنجیدگی دکھانا ہوگی، سیاست کے ساتھ صوبے کی ذمہ داری بھی پوری کرنی چاہیے۔
