وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ اور پاکستان کی مثالی دوستی ہے، صدر مملکت آصف زرداری نے سی پیک منصوبے کی بنیاد رکھی، سندھ حکومت چینی سرمایہ کاروں کی معاونت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، سی پیک منصوبہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرے گا، چین مختلف انڈسٹری زون بنانے میں مدد فراہم کررہا ہے، حکومت صنعت کے شعبے میں اقدامات کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کررہے ہیں، ہم سندھ میں ماحول دوست ٹیکسی سروس متعارف کروارہے ہیں، سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی، چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ 4 ایم اویوز پر دستخط ہوئے ہیں، چینی اور پاکستانی سرمایہ کاروں میں توانائی وزراعت منصوبوں کی یادداشت ناموں پر دستخط ہوئے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ الیکٹرک کار لوکل اسمبلنگ، سولر پینل لوکل مینوفیکچرنگ کے یادداشت ناموں پر دستخط کیے گئے، پاکستانی تاجروں کو چینی سرمایہ کاروں کے قریب لانا چاہتے ہیں، سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بڑے منصوبے مکمل کیے گئے۔
وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ تمام پروپیگنڈے کے باوجود بیرونی سرمایہ کار کام کرنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہیں، سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل سٹی سے 50 ہزار افراد کو نوکریاں ملیں گی، خواتین کیلئے سفر میں سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، سولر انرجی کے مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں، پاکستان قدرتی معدنیات سے مالا مال ہے۔
