Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی کے دور میں معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا، احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین ٹریکٹر پروگرام 30 ارب روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا، صوبے میں 9500 کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹر دیے جارہے ہیں، حکومت 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی کسانوں کو دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں کسانوں کا کلیدی کردار ہے، زراعت کے شعبے میں ترقی سے معیشت مضبوط ہوگی، زراعت کا شعبہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے، کسانوں کو سبسڈی فراہم کر کے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔

 احسن اقبال نے کہا کہ کسانوں کو مختلف سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، معاملات نفرت، جھگڑوں سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل ہوتے ہیں، ہر ایک کو چور، ڈاکو کہنے والا آج  مکافات عمل کا شکار ہے، 2018 کی تبدیلی نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا، پی ٹی آئی کے دور میں معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ملکی ترقی کا راستہ روکا گیا، ملک کو انتشار کے بجائے امن اور استحکام کی ضرورت ہے، ہم نے ملک کو ترقی، خوشحالی کی طرف لے کر جانا ہے، ایک سیاسی جماعت کا ایجنڈا فقط ملکی اداروں کے خلاف زہر اگلنا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version