اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے جنوبی یونان میں کشتی الٹنے کے واقعے میں ایک پاکستانی کے جاں بحق اور 47 کے بچ جانے کی تصدیق کی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے یونان کے جنوب میں کشتی الٹنے کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یونان کے جزیرہ کریٹ میں کشتی الٹنے کے واقعات میں بچنے والوں میں 47 پاکستانی شامل ہیں جبکہ ایک پاکستانی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر جاں بحق یا لاپتہ پاکستانی شہریوں کی تعداد کی تصدیق ممکن نہیں، ایتھنز میں پاکستان کا سفارت خانہ ہیلینک کوسٹ گارڈ اور چانیا کے کوسٹ گارڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ یونانی ریسکیو حکام سرچ اور ریسکیو آپریشن میں براہ راست شامل ہیں، پاکستانی سفارت خانے کے حکام کریٹ پہنچ چکے ہیں، سفارتی عملہ کریٹ پاکستانیوں سے ملاقات کرکے انہیں ضروری مدد فراہم کرے گا، لاپتہ پاکستانیوں کے اہل خانہ سفارت خانے سے درج ذیل نمبر پر تفصیلات فراہم کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے گیودوس میں مہاجرین کو لے کر جانے والی کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے تاہم پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے چند شہریوں کو بچالیا گیا ہے۔
