Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کیلئے چوتھے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کی کمیشننگ

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے تیار کیے جانے والے چوتھے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کی کمیشننگ کی تقریب ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق تقریب کا انعقاد رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹینٹا (Constanta Port) میں ہوا، وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تقریب میں رومانیہ نیوی کے ڈپٹی فلیٹ کمانڈر ریئر ایڈمرل ماریان سیوبوٹارو اور رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ارشد جان پٹھان کی خصوصی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پی این ایس یمامہ کثیر المقاصد، انتہائی سبک رفتار جگی بحری جہاز ہے جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر صلاحیتوں کا حامل ہے، یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پی این ایس یمامہ بیک وقت سطح آب، زیرِ آب اور فضا میں جنگ لڑنے کی صلاحیت سے لیس ہے، پاک بحریہ کی صلاحیتوں، دور دراز بین الاقوامی پانیوں میں موجودگی اور آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ ہوگا، پی این ایس یمامہ کی شمولیت سے بحر ہند میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول میں تعیناتی مزید مستحکم ہو گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف گیسٹ نے ڈیمن شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر شپ یارڈ انتظامیہ کی تعریف کی۔

اس سے قبل پاک بحریہ نے تین آف شور پٹرول ویسلز پی این ایس تبوک، پی این ایس یرموک، پی این ایس حنین اپنے بیڑے میں شامل کیے۔

 یرموک کلاس کے تمام جہاز سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لئے بھی موزوں ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version