محکمہ اطلاعات حکومتِ سندھ کی جانب سے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ افراد کی معاونت کا فیصلہ کرتے ہوئے بورڈ قائم کردیا گیا۔
سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کی جانب سے فلم اور ڈرامہ پراڈکشن بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس میں بورڈ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بورڈ فلم اور ڈرامہ پراڈکشن اور اس شعبے سے منسلک لوگوں کی معاونت کرے گا، فلم اور ڈرامہ پراڈکشن بورڈ ثقافتی نمائندگی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلم اور ڈرامہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کی معاونت کی جائے گی، محکمہ اطلاعات کی جانب سے نئے ٹیلنٹ کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ صوبے کے گوناں گوں کلچر اور ہمہ گیر تاریخی تہذیب کو اجاگر کرنے کی خواہاں ہے، فلم اور ڈرامہ کے توسط سے پاکستان خاص طور پر سندھ کے اندر مثبت سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سماجی برائیوں کے روک تھام اور ان کے منفی اثرات کے خاتمے کے لئے سول سوسائٹی اور آرٹسٹوں کے ساتھ ساتھ تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے میڈیا انڈسٹری کے مزید معاونت کی ضرورت ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ اطلاعات تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے لوگوں تک مثبت سوچ اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا۔
اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
