Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی ملک میں کاروباری سہولت مراکز کی جلد از جلد تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کاروباری سہولت مراکز کی جلد از جلد تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تحت جاری منصوبوں اور مختلف اقدامات کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے جب کہ وزیراعظم نے ملک میں کاروباری سہولت مراکز کی جلد از جلد تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ریگولیٹری اصلاحات پر کام تیز کیا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ بی ٹو بی معاہدوں کی تکمیل اور دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مؤثر اور جامع روڈ میپ تشکیل دیا جائے۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ سرمایہ کاری کے لیے اس نوعیت کے اہداف مقرر کیے جائیں جن کا حصول جلد از جلد ممکن ہو، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کی مؤثر مارکیٹنگ بیرونی سرمایہ کاروں کو مائل کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرز کی تعمیر، روڈ شوز کا انعقاد اور ان جیسے دیگر اقدامات ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں 35 خصوصی اقتصادی زونز کا جیوگرافکل انفارمیشن سسٹم کے ذریعے سروے کیا جاچکا ہے، خصوصی اقتصادی زونز میں جاری منصوبوں کی پیشرفت میں تیزی لانے کے لیے وسیع ڈیٹا موجود ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 18 نکاتی پلان تشکیل دیا جاچکا ہے، متعدد چینی کمپنیوں کے ساتھ 200 سے زائد بی 2 بی معاہدے طے پا چکے ہیں اور 70 ملین ڈالر کی مالیت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوچکے ہیں۔

اجلاس میں آسان کاروبار ایکٹ 2024 کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں جب کہ آسان کاروبار ایکٹ 2024 کے تحت بورڈ آف انویسٹمنٹ ملک میں کاروبار کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق تشکیل دے سکے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version