میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی باتیں کم کام زیادہ کرتی ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو کہتے ہیں ہم کام نہیں کرتے تو انکو بتارہے ہیں، پیپلز پارٹی باتیں کم کام زیادہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو قانون کے دائرے میں احتجاج کا حق ہے، کسی کو جلسہ جلوس کرنا ہے کرے لیکن عوام کو تکلیف نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے نام پر سڑکوں کو بند کردیا جائے یہ صحیح نہیں، کسی کے مسائل کے حل کرنے کیلئے کراچی کے عوام کو مسائل میں ڈال رہے ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پہیہ جام ہڑتال کا نام بلاول بھٹو کی قیادت میں آج کی نسل نے نہیں سنا ہوگا، پیپلز پارٹی نے لیاری کے عوام سے جو وعدے کیے ان کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے سیوریج پمپنگ اسٹیشنز کو پارکس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ کیا تھا پمپنگ اسٹیشن کے اطراف کے راستوں کو خوبصورت بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی اور بہتری کا سفر کراچی کے تمام ٹاؤنز میں جاری رہے گا، میں نے کہا تھا ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، منافقت کو مسترد کریں گے صرف کام کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک اچھا اور بہتر کراچی دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔
