Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر ناقابل قبول ہے، شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر ناقابل قبول ہے، ہمیں ٹائم لائن سے پہلے کام مکمل کرنا ہوگا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ  کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی میں حائل رکاوٹوں اور مسائل کے فوری حل پر گفتگو ہوئی۔

وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن  کی جانب سے  ریڈ لائن بی آر ٹی میں حائل رکاوٹوں کے جلد از جلد  خاتمہ  اور کام میں تیزی لانے کے احکامات دیئے گئے۔

اجلاس میں پانی کی سپلائی لائنوں، کے الیکٹرک، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کی تنصیبات سمیت یوٹیلٹیز کی منتقلی کی وجہ سے ہونے والی تاخیر  پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ اجلاس میں لاٹ 1 اور لاٹ 2 میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، پروجیکٹ کنٹریکٹرز نے پیش رفت سے متعلق آگہی دی گئی۔

اجلاس میں ٹرانس کراچی کے سی ای او  طارق منظور چانڈیو نے عملدرآمد میں درپیش چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یوٹیلیٹی پرووائیڈرز  کی جانب سے ری لوکیشن کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جارہے۔

اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مسائل حل کرنے اور بلا روک ٹوک پیش رفت یقینی بنانے کے لیے پانچ دن کی سخت ڈیڈ لائن دی گئی، جبکہ  کے فور اور اور کے ای کے انفراسٹرکچر ایڈجسٹمنٹ  کو منصوبے میں تاخیر کی بڑی وجہ قرار دیا گیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے ایئرپورٹ کے قریب کام شروع کرنے کے لیے سول ایوی ایشن سے رابطے کی بھی ہدایات کی گئی۔

اجلاس کے دوران شرجیل انعام میمن  نے کہا کہ تعمیراتی کام میں تیزی لانے کے لیے  تین شفٹوں صبح، شام اور رات میں  کام کیا جائے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کام چوبیس گھنٹے جاری رہے۔

 انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی، کراچی کے لیے ایک فلیگ شپ ٹرانسپورٹیشن پروجیکٹ ہے، ان کا مقصد جدید، موثر، اور ماحول دوست ماس ٹرانزٹ سسٹم فراہم کرکے کراچی کی ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلاب لانا ہے۔

 شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ مکمل ہونے پر ریڈ لائن بی آر ٹی  سے روزانہ ہزاروں مسافروں  کو سفری سہولت ملے گی۔

واضح رہے کہ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ  نجم شاہ،  کمشنر کراچی حسن نقوی، سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظور شیخ اور دیگر نے شرکت کی، جبکہ  ایشین ڈولپمنٹ بینک کے للائڈ رائٹ اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس نے  اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version