وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور امن جرگہ کی مخلصانہ کاوشوں کی قدر کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان کی ملاقات ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے لوئر کرم کی تحصیل بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اور ڈپٹی کمشنر کرم اور دیگر زخمیوں سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں فائرنگ کی آڑ میں اصل میں امن معاہدے کو سبوتاژ کرنا چاہتی تھیں، سرکاری گاڑیوں پر حملہ بزدل دشمن کی سوچی سمجھی سازش ہے، مذموم عزائم ناکام رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے حکومت سے رابطے میں ہیں، زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دی جا رہی ہیں، ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے، سیکیورٹی فورسز اور امن جرگہ کی مخلصانہ کاوشوں کی قدر کرتے ہیں، گرینڈ جرگہ کے تمام عمائدین کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں، لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کرم امن معاہدے کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پائیدار امن عامہ یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے، ان فیصلوں پر عملدرآمد سے علاقے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہا۔
محسن نقوی اور ایمل ولی خان نے دہشتگردی کے جنگ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ایمل ولی خان کے مطابق شہداء نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے، پاکستان کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال سمیت خیبرپختونخوا کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں کرم میں امن عامہ یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
