Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر کے قافلے پر حملہ؛ تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی

ہنگو: لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر کے قافلے پر حملے سے متعلق تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ مرتب کر لی۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق امن معاہدے کے تحت اودیات اور کھانے پینے کے سامان سمیت دیگر اشیاء سے لدے 75 ٹرکوں کا قافلہ کرم کے لیے جارہا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ امن معاہدے کے تحت ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں سرکار مذاکراتی ٹیم سڑک کھلوانے کے لیے بات چیت کر رہی تھی۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ روڈ کھلواتے وقت 40 سے 50 مسلح شرپسند عناصر نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر سمیت تین پولیس اہلکار اور دو ایف سی اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ کے مطابق واقعہ آج صبح 10 بج کر 35 منٹ پر پیش آیا، امن کمیٹیوں کی گارنٹی کے باوجود فائرنگ ہونا تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ آج صبح لوئر کرم میں فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

نومبر 2024 میں شورش زدہ ضلع کرم میں مسافر گاڑی پر فائرنگ سے متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کے نتیجے میں متحارب فریقین کے درمیان مسلح تصادم کے بعد 87 روز تک پارا چنار جانے والی سڑکیں بند رہی تھیں، جس کے بعد خیبرپختونخوا کی حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ایک امن معاہدہ کیا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کرم نے تصدیق کی تھی کہ متحارب فریقین کے درمیان کامیاب امن معاہدے کے بعد مقامی افراد اور قبائلی و سیاسی قیادت پر مشتمل امن کمیٹیاں قائم کردی گئیں، ڈی سی جاوید اللہ محسود لوئر کرم میں سڑکیں کھلوانے گئے تو فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی سی کرم کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کردیا گیا

متعلقہ خبریں

Exit mobile version