وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اُڑان پاکستان کا محور برآمدات کو فروغ دینا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ کراچی میں سندھ حکومت کے ساتھ ملاقات میں منصوبوں کا جائزہ لیا، سیلاب متاثرین کی بحالی سمیت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، اڑان پاکستان کا محور برآمدات کو فروغ دینا ہے، کراچی ملک کا معاشی دارالحکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی کو تیز کیا جائے گا، یونین کونسل کی سطح تک رکنیت سازی کی جائے گی، مسلم لیگ ن کی حکومت نے کراچی میں امن قائم کیا تھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں اندرون سندھ اور کراچی کے شہریوں کو امن کا تحفہ ملا، سکھر ملتان موٹروے، کراچی حیدرآباد کی نئی موٹروے پر کام کر رہے ہیں، وفاق میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم اتحادی جماعتیں ہیں، کوشش ہے منصوبوں کے ذریعے شہریوں کو سہولیات فراہم کر سکیں، اڑان پاکستان کے ذریعے زراعت، برآمدات کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ زراعت سے وابستہ لوگوں کو تربیت کے لیے چین بھیجا جا رہا ہے، ن لیگ نوجوانوں کیلئے آئی ٹی کی تربیت کے پروگرام شروع کررہی ہے، اڑان پاکستان کا بنیادی مقصد برآمدات کو بڑھانا ہے، ہم ڈالر کمانے کی صلاحیت پیدا نہیں کرپاتے، برآمدات کو فروغ دیکر ملک کو ترقی کا محور بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے، آبادی بڑھنے کو کنٹرول کرنا ناگزیر ہے، بانی پی ٹی آئی نے پی آئی اے کو نقصان پہنچایا، حکومت نے محنت کر کے یورپ میں دوبارہ پرواز کی اجازت حاصل کی، امید ہے برطانیہ کی اجازت بھی جلد ملے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ اڑان پاکستان ہر شعبے میں پاکستان کی اڑان کے لیے کام کرے گا، اگلی بار سندھ میں مسلم لیگ ن کو کامیاب کریں تو فرق نظرآئے گا، آج پارٹی کا اجلاس تنظیم سازی کے لیے کیا ہے، ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پر تنظیم کو فعال کریں گے، پیپلزپارٹی سے اتحاد کی بنیاد میثاق جمہوریت پر ہے، اتحادی جماعتوں کے ساتھ مستقل مشاورت کا عمل جاری رہتا ہے، اتحادیوں کے ساتھ کوئی ایسا مسئلہ نہیں جو حل نہ ہوسکے۔
