وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور اعلی سرکاری حکام نے کراچی پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران کراچی پورٹ ٹرسٹ میں ایف بی آر کی کسٹمز کلیئرنس کے خودکار نظام فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کا افتتاح کریں گے۔ اس نظام کا مقصد کسٹمز کلیئرنس میں شفافیت اور کلیئرنس کے دورانئے میں کمی لانا ہے، واضح رہے کہ وزیر اعظم نے اپنے گذشتہ دورہ کراچی میں اس خودکار نظام کے تنصیب کی ہدایات دی تھیں۔
وزیراعظم پاکستان آج اسٹاک ایکسچینج کا دورہ بھی کریں گے، جس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 2024 میں پوری دنیا کے دوسرے بہترین کارکردگی کے حامل اسٹاک ایکسچینج کا اعزاز حاصل کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی پاکستان اسٹاک مارکیٹ آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، اسٹاک مارکیٹ کے اندر اور باہر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
وزیراعظم دورے کے دوران آغا خان یونیورسٹی میں کلینیکل پریکٹس کی ہدایت کی تقریب رونمائی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں کے۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عطااللہ تارڑ ، وزریر مملکت علی پرویز ملک اور کوارڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرت بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
