کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بانی پی ٹی آئی پر تمام مقدمات کو درست قرار دے دیا۔
سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر تمام مقدمات درست ہیں، بانی پی ٹی آئی کے گھر سے پٹرول بم پھینکے گئے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے مفادات کے لیے جرم کیے جب کہ بانی پی ٹی آئی خود کہتے تھے کہ انصاف سے بالاتر کوئی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2025 سندھ حکومت کے لئے خوشخبریوں اور ترقی کا سال ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں میگا پراجیکٹس جاری ہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو نے شاہراہ بھٹو کا افتتاح کیا، سڑک کا پہلا فیزعوام کے لئے کھول دیا ہے، جام صادق پُل کا کام بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے جام صادق روڈ مقررہ مدت سے 8 ماہ پہلے مکمل کرلیں، سندھ حکومت نے کچھ میگا منصوبےشروع کیے ہیں اور سندھ حکومت کے کچھ منصوبے اختتام کے قریب ہیں۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے جارہی ہے، نوجوانوں کو سستی سفری سروس کے لئے روزگار دستیاب ہوگا۔
