Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایٹم بم، موٹر وے، بجلی اور معیشت کی ترقی ہو تو نواز شریف کا نام آتا ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایٹم بم، موٹر وے، بجلی، معیشت کی ترقی ہو تو نواز شریف کا نام آتا ہے۔

کالاشاہ کاکو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسکن راوی ہاؤسنگ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے تحت گھر ملنے والوں کو مبارکباد دیتی ہوں، نوازشریف کی سیاست خدمت کی سیاست ہے، ہر اہم منصوبے پر نواز شریف، مسلم لیگ ن کی مہر ہے، ہم نواز شریف کے سپاہی خدمت کی سیاست میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی ماہ کی قلیل مدت میں 100 گھر تیار ہوئے ہیں، ہاؤسنگ اسکیم میں کم آمدن والے لوگوں کو گھرمل رہے ہیں، نواز شریف نے 45 سال اس ملک کی ترقی کو دیے ہیں، ایٹم بم، موٹر وے، بجلی، معیشت کی ترقی ہو نواز شریف کا نام آتا ہے، ہر گھر 2 بیڈ روم، ایک باورچی خانہ، ایک باتھ روم پر مشتمل ہے، ہر مکان کو آرام دہ، محفوظ جگہ فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکیم ان لوگوں کے لیے امید کی کرن ہے جو اپنے گھر کا انتظار کررہے ہیں، عوامی فلاح کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوشاں ہیں، زہرہ ہومز میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، اپنا گھر اپنی چھت اسکیم کے تحت اہم اقدامات جاری ہیں، منصوبے کے تحت 15 لاکھ روپے بلاسود آسان قرض دیا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ پانچ سالوں میں 5 لاکھ خاندانوں کو گھر دیں گے، بے گھر افراد کو رہائش کے لیے زمین دینے کے منصوبے پر کام کررہے ہیں، مکان کی تعمیر کے لیے تین مرلہ پلاٹ دینے کا منصوبہ بنارہے ہیں، پنجاب کے عوام نے ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہر اسکیم کے لیے لاکھوں درخواستیں موصول ہورہی ہیں، پنجاب میں 22 لاکھ خاندان ایسے ہیں جن کا اپنا گھر نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام 37 اضلاع میں ہزاروں گھر زیرِ تعمیر ہیں، اس سال ہم ایک لاکھ گھروں کا ہدف پورا کریں گے، عوام جانتے ہیں جو اسکیم نواز شریف لانچ کرے گا وہ پوری ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version