Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کی شراکت؛ پہلا قافلہ کراچی سے وسطی ایشیاء کے لئے روانہ

نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور ڈی پی ورلڈ کی جوائنٹ وینچر کمپنی کے توسط سے متعدد تجارتی سامان پر مشتمل کنٹینروں کا پہلا قافلہ کراچی سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے روانہ ہوگیا۔

یہ تاریخی سنگ میل لاجسٹکس کے دونوں بڑے اداروں کی باہمی شراکت داری کے نتیجے میں طے ہوا۔

اس موقع پر کراچی میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او عزت مآب جناب  سلطان احمد بن سولیم نے  وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے کارگو سروس کا افتتاح کیا۔

ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے سینئر حکام سمیت معروف کاروباری شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عزت مآب جناب سلطان احمد بن سولیم نے کہا “دونوں اداروں کے مابین اشتراک پورے خطے میں رابطوں اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا”۔

انہوں نے کہا کہ این ایل سی کی خطے میں موجودہ حیثیت اور ڈی پی ورلڈ کی عالمی سطح پر موجودگی سے بے پناہ کاروباری مواقع میسر آئیں گے جس سے اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی، اس پیش رفت سے کاروبار میں آسانی پیدا ہوگی اور ترسیل کی لاگت اور وقت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

ڈائریکٹر جنرل این ایل سی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس اقدام سے علاقائی تجارت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور خطے کی کاروباری برادری کو بھرپور فائدہ ہوگا، ترسیل کا مربوط نظام اور بلا رکاوٹ تجارت کو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں مددگار ثابت ہوں گے۔

 یہ سروس علاقائی تجارت کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے دونوں اداروں کی ترقی کے عزم کا عملی اظہار ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version