اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا موبائل ایپ لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ کرلیا ہے۔
محسن نقوی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کل 17 جنوری سے پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کی جا رہی ہے، 3 نئے ریجنل سنٹر آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات پیش آتی تھیں، انگلیوں کے نشانات اور مطلوبہ دستاویزات اسکین کر کے اپ لوڈ کرنے میں پریشانی ہوتی تھی۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ جعلساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کر رہے تھے، شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کر کے ان کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی تھی، ان سر گرمیوں کے تدارک کے لئے 17 جنوری سے ویب سائٹ بند کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے جعلساز عناصر کا سختی سے نوٹس لیا ہے، نادرا دیگر اداروں کے ساتھ ملکر ساتھ ان عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنا رہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ نادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے بہت مزید بہتر بنادیا گیا ہے، شناختی کارڈ، نائکوپ، پی او سی، ب فارم، ایف آرسی سمیت تمام خدمات موبائل ایپ پر دستیاب ہیں، شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویزات کی تمام تر کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے ریجنل دفاتر 31 مارچ سے کام شروع کر دیں گے، ان دفاتر کے قیام سے نادرا حکام اور شہریوں کے درمیان رابطے میں آسانی ہو گی۔
انکا کہنا تھا کہ ریجنل دفاتر کے قیام سے دور دراز علاقوں کے نادرا مراکز میں خدمات کی فراہمی بہتر ہوگی، شہریوں کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے، شکایات کا فوری ازالہ ہو گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ 31 مارچ تک ملک کی تمام تحصیلوں میں نادرا دفاتر قائم کرنے کا ہدف پورا کر لیا جائے گا، ملک بھر میں صرف 19 تحصیلوں میں نادرا دفاتر کا قیام باقی تھا، اس ضمن میں کام تیزی سے جاری ہے، 31 مارچ تک ان تحصیلوں میں بھی نادرا دفاتر فعال ہو جائیں گے۔
