Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے موقع پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ میں اور پوری پاکستانی قوم فلسطین بالخصوص غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن کے حصول کے لیے قطر، سعودی عرب، امریکہ، مصر اور دیگر دوست ممالک کی انتھک کوششیں ناقابلِ فراموش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام کے لیے غزہ اور دیگر جنگ زدہ علاقوں میں انسانی امداد کی ترسیل انتہائی اہم ہے، ہمیں امید ہے کہ اس جنگ بندی کا مکمل طور پر احترام کیا جائے گا۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف جدوجہد میں اپنی جان و مال کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے اپنے موقف کا اعادہ کرتا ہے، 1967 سے قبل کی حدود پر مبنی القدس شریف دارالحکومت کے طور پر آزاد فلسطین ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے۔

واضح رہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا۔

عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں طویل عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، معاہدے کے پہلے مرحلے میں اسرائیل 33 یرغمالیوں کے بدلے 1,000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔ اس پیش رفت کو بین الاقوامی برادری نے مثبت قرار دیا ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ سے زخمیوں اور بیماروں کو ہنگامی بنیادوں پر اسپتالوں میں منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، تاکہ جنگ کے متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

یہ معاہدہ گزشتہ 15 ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس پیش رفت کے بعد خطے میں امن کی بحالی کے امکانات مزید مضبوط ہو گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version