Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت تمام شعبوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت تمام شعبوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے لاہور چیمبر آف کامرس میں صنعت کاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شعبوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور صنعت کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال زراعت کی شرحِ نمو 6.4 فیصد رہی، جو حکومتی کوششوں کی کامیابی کا مظہر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ملکی فریم ورک کی تیاری میں بیرونِ ممالک کے ماہرین، بیوروکریٹس، اور ٹیکنوکریٹس کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سابقہ ادوار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی حکومت ملی، ہم نے معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے نئے پروگرام متعارف کروائے اور صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی۔

وزیرِ اعظم کی ترجیحات پر بات کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدے کر رہی ہے اور آئندہ اپریل تک واضح تبدیلی محسوس ہوگی۔ انہوں نے صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ ملکی صنعت کو رواں دواں رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ “ایک سال کے اندر حالات بہتر ہو جائیں گے اور معیشت بحالی کی جانب گامزن ہوگی۔”

وفاقی وزیر نے صنعت کاروں کو یقین دلایا کہ شرحِ سود کو 22 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد پر لایا گیا ہے اور 10 مہینوں میں 10 فیصد کمی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے ساتھ شرحِ سود کو منسلک کر رہی ہے اور اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کو یقینی بنایا گیا ہے۔

آخر میں، انہوں نے صنعت کاروں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ مشکل حالات میں پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے میں حکومت کے شانہ بشانہ کام کریں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version