وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے (سی پیک 2.0) کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ مزید چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاری کو راغب کرے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہانگ کانگ کے ٹی وی بی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جون 2025 تک پانڈا بانڈ جاری کرے گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان پانڈا بانڈز کے ذریعے چین کی کیپیٹل مارکیٹس میں شمولیت اختیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس بانڈ اجرا کے ذریعے پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے تقریباً 200 ملین امریکی ڈالر جمع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی طرف منتقل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ ادائیگیوں کے توازن میں پائیداری حاصل کی جائے۔
محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ہانگ کانگ کے ساتھ مالیاتی تعاون کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے ہانگ کانگ کو پاکستان میں تجارتی اور مالیاتی مواقع کا جائزہ لینے کے لیے وفود بھیجنے کی دعوت دی۔
وزیر خزانہ نے مزید یہ بھی کہا کہ ہانگ کانگ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے ایک موزوں مقام ثابت ہو سکتا ہے۔
