Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عطا تارڑ کا اپنے حلقے کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے لاہور کے حلقہ این اے 127 کا دورہ کیا اور یوسی 240 میں گلیوں اور سیوریج کی تعمیر سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔

انہوں نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں جو وعدے کیے تھے، آج ان کی تکمیل کے لیے حاضر ہوں۔

عطااللہ تارڑ نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بچے بچے کو پتہ چل گیا ہے کہ گھڑی چور عمران نیازی نے 190 ملین پاؤنڈ کا ڈاکہ مارا۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا شخص خود ملک کا سب سے بڑا سرٹیفائیڈ چور ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ عمران خان ریاست مدینہ کا نام لے کر اسرائیل سے فارن فنڈنگ حاصل کرتا رہا اور اسے ملک کے خلاف استعمال کیا۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت میں حکومت دن رات عوام کی خدمت کر رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک سال کے اندر دنیا پاکستانی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر رہی ہے، اور ان دوست ممالک نے بھی پاکستان کی مدد کرنا شروع کر دی ہے جنہیں عمران خان نے اپنی پالیسیوں سے ناراض کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ جلد ہی گیس، بجلی اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کی زندگی آسان بنائی جائے گی۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی مسلم لیگ ن کا منشور ہے اور ہم اپنے وعدے پورے کریں گے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل کے حل اور ملک کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version