Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی جی سندھ کا پولیس 15 کی کارکردگی پر اہم اجلاس

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) میں پولیس 15 کی کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، پولیس 15 کے افسران، اور آئی ٹی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایس ایس پی پولیس 15 کراچی نے شعبے کی کارکردگی اور درکار اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال پولیس 15 کو 20 لاکھ کے قریب کالز موصول ہوئیں۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ پولیس 15 کی ٹیم کا ریسپانس ٹائم 5 سے 7 منٹ کے درمیان ہے، تاہم بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر جائے وقوعہ تک رسائی کا وقت بڑھ جاتا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پولیس 15 کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اپگریڈیشن کا عمل جاری ہے۔

جلد ہی ڈیجیٹل سینٹرلائزڈ سسٹم نصب کیا جائے گا جس سے کراچی بھر میں کمیونیکیشن مزید آسان ہو جائے گی۔

کالرز کے ساتھ گفتگو کے دورانیے کو کم کرنے اور غیر ضروری الفاظ سے اجتناب کے لیے آپریٹرز کی تربیت جاری ہے۔

کمیونیکیشن میں تاخیر کی بڑی وجہ ہر ضلع میں علیحدہ وائرلیس نیٹ ورک اور چینل ہے، جسے حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس 15 کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوری اور مؤثر ریسپانس کے ذریعے شہریوں کے جان و مال کو محفوظ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے ڈی آئی جی آئی ٹی کو ہدایت دی کہ پولیس 15 کے نظام کی اپگریڈیشن کے لیے کمپیوٹر اور دیگر ضروری آلات جلد فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس 15 میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فوری طور پر اضافی نفری فراہم کی جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیسنگ کے تمام امور کو دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ پولیس 15 کو جرائم کے خلاف ایک کارآمد اور تیز ترین ہتھیار قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نظام کی بہتری سے شہریوں کی حفاظت میں مزید بہتری آئے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version